18 نومبر 2024 - 21:16
غاصب صہیونی ریاست کے حملے میں حزب اللہ کے چار میڈیا اہلکاروں کی شہادت + تصاویر

حزب اللہ لبنان نے گذشتہ روز بیروت پر غاصب صہیونی ریاست کے حملے میں اپنے چار میڈیا اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کی ہے جو الحاج محمد عفیف النابلسی کے ہمراہ بمباری کا نشانہ بننے والی عمارت میں موجود تھے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، حزب اللہ لبنان نے آج سوموار (18 نومبر 2024ع‍) کے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس مقاومتی تحریک کے چار میڈیا اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کی ہے جو کل صہیونیوں کا نشانہ بننے والی عمارت میں الحاج محمد عفیف النابلسی کے ہمراہ تھے۔

شہید ہونے والے اہلکاروں میں حاج موسیٰ حیدر، محمود الشرقاوی، ہلال ترمس اور حسین رمضان شامل ہیں جو الحاج محمد عفیف کے ہمراہ موجود تھے اور صہیونیوں کی بمباری کا نشانہ بنے۔

حزب اللہ لبنان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان شہیدوں نے پرجمِ حق بلند کیا، مقاومت اسلامی کی سربلندی کے لئے کوشاں رہے اور پوری شجاعت کے ساتھ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ابلاغیات کے میدان کے وہ سپاہی تھے جنہوں نے صہیونی دہشت گردی کو پوری دنیا پر عیاں کیا۔

حزب اللہ لبنان نے کہا ہے: صہیونی دشمن کی دھمکیاں ان شہیدوں کو خوفزدہ نہ کر سکیں، یہ وہ لوگ تھے جو اپنے قائد کے ساتھ ناصر و مددگار کے طور پر ثابت قدم رہے اور ثابت کرکے دکھایا کہ مقاومت ایک فکر ہے اور ایک ابدی پیغام ہے۔  

حزب اللہ نے کہا ہے: ان افراد کا پاک خون مقاومت اور جہاد فی سبیل اللہ کے لئے چراغ راہ کا کردار ادا کرتا رہے گا اور مقاومت کے میڈیا ذرائع بھی صہیونی یلغار کے سامنے مستحکم قلعوں کا کردا ادا کرتے رہیں گے یہاں تک کہ انہیں جہاد اور پامردی کے ساتھ انہیں نکال باہر کریں اور ان کے جھوٹے دعوؤں کو عیاں کرکے رکھیں گے۔

حزب اللہ نے آج صبح اپنے بیان میں باضابطہ طور پر تصدیق کی کہ اس مقاومتی تحریک کے ابلاغیاتی تعلقات کے انچارح الحاج محمد عفیف النابلسی اتوار کے روز جام شہادت نوش کر گئے۔

حزب اللہ نے اس بیان میں کہا ہے کہ حزب اللہ کے ابلاغیاتی تعلقات کے انچارح الحاج محمد عفیف النابلسی ہمارے کئی دوسرے بہترین مجاہدین کے ہمراہ صہیونیوں کے مجرمانہ حملے میں جام شہادت نوش کر گئے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

یہ بھی دیکھئے:

-  محمد عفیف النابلسی کی شہادت / مختصر تعارف + تصویری رپورٹ